جموں:وزیر اعظم نریندر مودی 20 فروری کو جموں وکشمیر کے دورے پر آرہے ہیں، جس کے پیش نظر جموں صوبے کو فوجی چھاونی میں تبدیل کیا گیا ہے۔معلوم ہوا ہے کہ اتوار کے روز سکیورٹی فورسز نے ایم اے اسٹیڈیم کو پوری طرح سے سیل کیا، جبکہ ایس ایس جی کمانڈوز کی بھی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی کے جموں دورے کے پیش نظر سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق جموں شہر کو فوجی چھاونی میں تبدیل کیا گیا ہے جبکہ ایم اے اسٹیڈیم کے اردگرد علاقوں کو سیکورٹی فورسز نے پوری طرح سے سیل کرکے لوگوں کے چلنے پھرنے پر بھی پابندی عائد کی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اتوار کے روز ایس ایس جی کمانڈوز نے ایم اے اسٹیڈیم جموں کا دورہ کیا اور وہاں پر سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ ذرائع نے بتایا کہ جموں صوبے میں چپے چپے پر سکیورٹی فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے، جبکہ مشکوک نظر آنے والے افراد کو بغیر چیکنگ کے آگے جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہیں۔
دریں اثنا سرینگر میں بھی اتوار کی صبح سے ہی سکیورٹی فورسز نے مختلف علاقوں میں چیکنگ پوائنٹس قائم کئے جہاں پر نجی گاڑیوں کی باریک بینی سے تلاشی لی جارہی ہیں۔