پلوامہ (جموں کشمیر):جموں و کشمیر اپنی پارٹی (جے کے اے پی) لوک سبھا انتخابات میں کسی بھی نشست پر کامیابی حاصل کرنے میں ناکام رہی تاہم انہوں نے جموں و کشمیر کے دو سابق وزراء اعلیٰ - عمر عبداللہ اور محبوبہ مفتی - کی ہار کو ’’عوام کی جیت‘‘ سے تعبیر کیا۔ اپنی پارٹی لیڈر اور چیف کوآرڈینیٹر ڈاکٹر طلعت مجید نے کہا: ’’الیکشن کے نتائج سے واضح ہوا ہے کہ لوگ اب تبدیلی چاہتے ہیں، لوگ روایتی اور خاندانی سیاست سے اکتا چکے ہیں۔‘‘
واضح رہے کہ جموں و کشمیر میں لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی صوبہ جموں کی دو، جبکہ نیشنل کانفرنس وادی کشمیر کی دو سیٹوں پر کامیابی ہوئیں جبکہ لداخ اور شمالی کشمیر کی پارلیمانی نشست آزاد امیدواروں نے حاصل کیں۔ شمالی کشمیر کے اپنی پارٹی کے اتحاد سے الیکشن لڑ رہے سجاد غنی لون اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ انجینئر رشید سے ہار گئے۔ وہیں اننت ناگ - راجوری پالیمانی نشست سے سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی بھی این سی لیڈر میاں الطاف لاروی سے ہار گئیں۔