جموں: جموں و کشمیر کے لوگوں کا وزیر اعظم مودی کے ساتھ فطری تعلق ہے۔ یہ بات آج جموں میں مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے مولانا اسٹیڈیم میں ہونے والے وزیر اعظم نریندر مودی کے پروگرام کے انتظامات کا موقع پر حتمی جائزہ لینے کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہی۔
وزیر موصوف کے ساتھ حکومت ہند کے سینیئر افسران اور مرکز کے زیر انتظام علاقے جموں و کشمیر انتظامیہ کی ایک ٹیم تھی،جس کی قیادت جموں ڈویژن کے کمشنر کر رہے تھے۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ ’’وزیر اعظم نریندر مودی کے کل ،جموں کے سرکاری دورے کے موقع پر بہت زیادہ جوش و خروش پایا جاتا ہے، لوگ ان کی آمد کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں‘‘۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر کا ہر شہری ورچوئل طور پر اس پروگرام کا حصہ بننا چاہتا ہے۔
مرکزی وزیر شہر کے ایم اے اسٹیڈیم میں منعقد ہونے والے وزیر اعظم کے پروگرام کے انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد اظہار خیال کر رہے تھے۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ کو سول انتظامیہ اور سکیورٹی ایجنسیوں کے حکام نے مودی کے عوامی پروگرام کے لیے کیے جانے والے وسیع اور ضروری انتظامات کے بارے میں بتایا۔