جموں (جموں کشمیر) :الیکشن کمیشن (ای سی) نے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) صدر اور راجوری - اننت ناگ پارلیمانی سیٹ سے پی ڈی پی امیدوار محبوبہ مفتی کے علاوہ پی ڈی پی کے اسمبلی انچارج انجم مرزا کو ’’وجہ بتاؤ نوٹس‘‘ جاری کیا ہے۔ یہ نوٹس راجوری دورے کے دوران تھنہ منڈی، شاہدرہ شریف میں عوامی جلسے کے دوران ضابطہ اخلاق کی مبینہ خلاف ورزی کرنے پر جاری کیا گیا ہے۔
ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ (ضابطہ اخلاق) نوڈل آفیسرر اور اے ڈی سی راجوری راجیو کمار کھجوریہ نے جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کرکے ان سے جواب طلب کیا ہے۔ وجہ بتاؤ نوٹس کے مطابق محبوبہ مفتی نے یکم مئی کو شاہدرہ شریف کے جلسہ عام کے دوران ایک ویڈیو وائرل ہو رہا ہے جس میں محبوبہ مفتی نے اپنی سیاسی مہم میں پی ڈی پی کے لیے ووٹ مانگنے کے لیے مبینہ طور ایک نابالغ لڑکی کا استعمال کیا ہے۔ یہی نہیں عوامی ریلی کے اختتام کے بعد محبوبہ اسی معصوم بچی کی حوصلہ افزائی کرتی نظر آئیں۔