جموں (جموں کشمیر) : مائیکروسافٹ کی کلاؤڈ سروس بند ہونے کی وجہ سے جمعہ کو دنیا بھر میں مختلف مقامات پر لوگوں کو سخت پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ خاص طور پر دنیا کے مختلف ممالک میں فضائی خدمات شدید متاثر ہوئیں۔ جموں اور سرینگر کے ہوائی اڈوں پر بھی اس کی وجہ سے مسافروں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ ذرائع کے مطابق ہوائی اڈوں پر کام چند منٹوں کے لیے پوری طرح رک گیا۔ جس کے سبب مسافروں کو پریشانیوں کا سامنا رہا۔
دونوں ہوائی اڈوں پر مسافروں کی اچھی خاصی بھیڑ تھی جنہیں گونا گوں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ جموں ایئرپورٹ پر ایک مسافر نے بتایا کہ وہ ممبئی جانے کے لیے جموں ہوائی اڈے پر پہنچے، لیکن اب مائیکروسافٹ ایرر (بیلو اسکرین آف ڈیتھ) کی وجہ سے اسے یہاں اپنی پرواز کے لیے کوئی مناسب معلومات نہیں مل پائی، وہ نہیں جانتے کہ پرواز کب اڑان بھرے گی جس کی وجہ سے انہیں ایئرپورٹ پر کافی انتظار کرنا پڑا۔