جموں : جموں و کشمیر کے سرحدی علاقہ اکھنور میں پاکستان کی جانب ایک بار پھر جنگ بندی معاہدہ کی خلاف ورزی کی گئی۔ حکام نے بتایا کہ جموں کے علاقہ اکھنور میں سرحد پر پاکستانی فائرنگ کے نتیجہ میں ایک بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کا اہلکار زخمی ہوگیا۔ پاکستانی فوجیوں نے بدھ کو سرحد پر ایک مرتبہ پھر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارتی چوکیوں پر بلااشتعال فائرنگ کی۔
انہوں نے بتایا کہ بی ایس ایف کے دستوں نے بھی جوابی کارروائی کی لیکن پاکستان کی طرف ہونے والی ہلاکتوں کا فوری طور پر پتہ نہیں چل سکا۔ بارڈر سیکوریٹی فورس کے ترجمان نے کہاکہ ’آدھی رات کے بعد تقریباً 2.35 بجے، اکھنور علاقے میں سرحد پار سے بلا اشتعال فائرنگ کی گئی جس کا بی ایس ایف نے بھرپور جواب دیا۔ اس دوران پاکستانی فائرنگ میں بی ایس ایف کا ایک اہلکار زخمی ہوا‘۔ انہوں نے کہا کہ فوجی دستے ہائی الرٹ پر ہیں اور بین الاقوامی سرحد اور لائن آف کنٹرول پر سخت نگرانی کررہے ہیں۔