اننت ناگ (جموں کشمیر) :معروف سیاحتی مقام پہلگام ان دنوں سیاحوں کی دلچسپی کا مرکز بنا ہوا ہے، ملک و بیرونی ممالک سے روزانہ سینکڑوں کی تعداد میں سیاح پہلگام وارد ہو رہے ہیں، سیاح پہلگام کے صحت افزا مقامات بشمول آڑو، بیتاب ویلی، وادی چندن واڑی کی سیرو تفریح کرکے قدرتی نظاروں سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ وہیں سیاح، سیرو تفریح کے ساتھ ساتھ پہلگام کے سیلفی پوائنٹ پر پر چند لمحات گزار کر اپنے سفر کو یاد گار بناتے ہیں۔
پہلگام کا خوبصورت سیلفی پوائنٹ سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کر رہا ہے، یہی وجہ ہے کہ سیاح واپس لوٹنے سے قبل اس جگہ پر خوب تصویریں کھینچ کر اپنی حسین یادوں کو کیمروں میں قید کرتے ہیں، اور یہ سیلفی پوائنٹ گزشتہ برسوں سے سیاحوں کی نئی پسندیدہ جگہ بن گئی ہے، اس جگہ سے پہلگام کو ملکی و بین الاقوامی سطح پر مزید فروغ مل رہا ہے کیونکہ سیاح سوشل میڈیا پر تصاویر کو شیئر کرتے ہیں اور بعض سیاح اپنے دوست و احباب کے ساتھ اس جگہ پر ویڈیو کالنگ کے ذریعے ہم کلام ہوتے ہیں۔