سرینگر (جموں کشمیر):حزب اختلاف کے رہنما اور سینئر کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے بدھ کو جموں میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کے دوران جموں کشمیر کو ریاستی درجہ سے گھٹا کر یونین ٹیریٹری بنائے جانے پر مرکزی سرکار کو آڑے ہاتھوں لیا۔ راہل گاندھی کا جموں کشمیر کا یہ دورہ اسمبلی الیکشن کے دوسرے مرحلے کے دوران ہو رہا ہے۔ جموں میں ریلی سے خطاب کے بعد وہ شمالی کشمیر کے سوپور علاقے میں بھی ایک ریلی سے خطاب کریں گے۔
جموں میں راہل گاندھی نے ی جے پی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’’آپ سے آپ کے حقوق چھین لیے گئے ہیں۔ انڈیا الائنس جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ دے گا۔‘‘ راہل گاندھی نے کہا کہ ’’ہم نے سوچا تھا کہ آپ کو انتخابات سے پہلے ریاست کا درجہ واپس مل جائے گا۔ کسی دوسری ریاست کے ساتھ ایسا نہیں ہونا چاہیے۔ پہلی بار ریاست کو ختم کرکے یونین ٹیریٹری بنایا گیا۔ اگر بی جے پی آپ کو ریاستی درجہ نہیں دیتی تو انڈیا الائنس آپ کو آپ کے حقوق دے گا۔‘‘ راہل گاندھی نے مزید کہا کہ ہندوستان کی تاریخ میں 1947 کے بعد کئی مرکز کے زیر انتظام علاقوں (یونین ٹیریٹریز) کو ریاستوں میں تبدیل کیا گیا ہے، لیکن یہ پہلا موقع ہے کہ کسی ریاست (یعنی جموں کشمیر) کو یونین ٹیریٹری میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔