پلوامہ (جموں کشمیر) :محکمہ سوشل ویلفیئر کی جانب سے ٹاؤن ہال، ترال میں ’’بچوں کے روشن مستقبل اور صلاحیت سازی‘‘ کے لیے ایک شاندار پروگرام کا اہتمام کیا جس میں ضلع انتظامیہ کے اعلیٰ افسران کے سمیت انگن واڈی ورکروں اور آشا ورکروں کی ایک بڑی تعداد موجود رہی۔ اس موقع پر بچوں کی بہبودی کے حوالہ سے اقدامات کا خلاصہ بیان کیا گیا اور سماج کے تئیں ذمہ داری کے بارے میں بھی بات کی گئی۔
اے ڈی سی ترال، ساجد یحیٰ نقاش، نے اپنے خطاب میں مردوں اور عورتوں کے حقوق و فرائض کی روشنی میں بچوں کی کردار سازی کے حوالے سے اپنی بات سامعین کے سامنے رکھی اور ان پر زور دیا کہ موجودہ دور میں بچوں کے کون سے مسائل کی طرف انکی توجہ ہونی چاہیے۔ میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیر آفیسر پلوامہ اظہر امین نے بتایا کہ سماج میں جرائم کے بڑھتے واقعات اور گھریلو تشدد کے واقعات میں اضافے کی وجہ سے سرکاری ایجنسیز کے ساتھ ساتھ عوام کی ذمہ داری بھی ہے کہ وہ اس حوالے سے اپنا رول ادا کریں۔