اننت ناگ: ضلع کولگام کے ڈی کے مرگ میں نیشنل کانفرنس کی جانب سے ایک عوامی ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں عمر عبداللہ سمیت این سی کے دیگر رہنما شامل تھے۔ نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے کہا کہ بی جے پی بار بار خاندانوں کی بات کر رہی ہے لیکن جب بی جے پی کو اُن خاندانوں میں سے کسی کے مدد کی ضروت تھی، اس وقت ہم ذمہ دار نہیں تھے، جب پی ڈی پی کے ساتھ بی جے پی کا رشتہ تھا تب انہیں پی ڈی پی میں خرابی نظر نہیں آئی، تو آج کیوں آرہی ہے۔
عمر عبد اللہ نے کہا کہ جب واجپائی صاحب کے دور میں مجھے(عمر عبداللہ ) کو وزیر بنایا گیا تب مجھ میں بی جے پی کو خرابی نظر نہیں آئی تھی، لیکن آج الیکشن کے دوران بی جے پی کو مجھ میں خرابی نظر آرہی ہے۔ عمر عبد اللہ نے کہا کہ یقینی طور پر اگر کل بی جے پی کی سیٹیں کم پڑ گئیں اور پی ڈی پی نے ان کو دوبارہ مدد کرنے کا فیصلہ کیا اس وقت ان کو پی ڈی پی میں کوئی خرابی نظر نہیں آئے گی۔ یہ وقت کی باتیں ہیں انتخابات کے دوران یہ سیاسی تقریریں ہوتی رہتی ہیں اور انتخابات کے بعد ان باتوں کو بھلایا جاتا ہے۔