سرینگر:جموں کشمیر لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ نے نئی ریزرویشن پالیسی کو لاگو کیا ہے جس کے تحت اب جنرل کیٹگری کی آبادی کو سرکاری نوکریوں اور پروفیشنل کالجز میں محض چالیس فیصد سیٹیں رکھی گئی ہے۔ ریزرویشن پالیسی کے مطابق گجر بکروال، پہاڑی، درجہ فہرست ذات اور دیگر طبقوں کو سٹھ فی صد ریزرویشن ملے گی۔ اس ضمن میں محکمہ سماجی بہبود نے 24 مئی کو نئی نوٹیفکیشن جاری کر دی جس میں ریزرویشن کا روسٹر واضح کیا گیا ہے۔
اس نوٹیفکیشن کے مطابق ایک سو سیٹوں میں سے چالیس سیٹیں جنرل کیٹگری آبادی کے لئے ہوں گی، دیگر سیٹیں ریزرویشن کے زمرے میں رکھی گئی آبادی کے لئے ہوں گی۔ جموں ایل جی انتظامیہ کے اس فیصلے سے جنرل کیٹگری کے لوگ بالخصوص تعلیم یافتہ نوجوان ناراض ہوئے ہیں۔ شہزاد نائک نامی ایک شہری نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ نئی ریزرویشن پالیسی جنرل کیٹگری کے نوجوانوں کے ساتھ نا انصافی ہے اور سرکار کو اس پالیسی کا جائزہ لینا چاہئے تاکہ کسی بھی آبادی کے ساتھ ناانصافی نہ ہو۔