ایل جی دور میں لوگوں کو راحت نہیں ملی: این سی ایم ایل اے (ETV Bharat) پلوامہ:نیشنل کانفرنس نے حالیہ اسمبلی انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی اور بدھ کو پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ جموں کشمیر یونین ٹیریٹری کے پہلے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیں گے۔ ضلع پلوامہ کے اسمبلی حلقہ راجپورہ میں بھی عوام نے طویل مدت کے بعد این سی پر اعتماد ظاہر کرتے ہوئے غلام محی الدین کو کامیاب بنایا۔
غلام محی الدین میر نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ خصوصی گفتگو کے دوران دعویٰ کیا کہ ’’عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔‘‘ ایل جی دور حکومت کا تذکرہ کرتے ہوئے ایم ایل اے راجپورہ نے کہا: ’’حلقہ راجپورہ کے لوگوں کو بھی وادی کے بیشتر علاقوں میں رہائش پذیر عوام کی طرح پینے کے پانی کی عدم دستیابی، غیر اعلانیہ بجلی کٹوتی جیسے مسائل سے جوجھنا پڑا۔‘‘
میر کے مطابق ’’ایل جی دور میں بلند کیے گئے ’ہر گھر نل، ہر گھر جل‘ نعرے محض نعروں اور دعووں تک ہی محدود رہے۔ این سی دور حکومت میں عوام کے ان بنیادی مسائل پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔‘‘ ٹورزم کے حوالہ سے گفتگو کرتے ہوئے ایم ایل اے نے سنگروانی علاقے کو سیاحتی نقشے پر لانے کا عزم ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا: ’’ہماری کوشش ہوگی کہ اس علاقے کو حقیقی معنوں میں سیاحتی مرکز بنایا جائے، جہاں سیاحوں کی آمد کے لیے بنیادی ڈھانچہ میسر رکھا جا سکے۔‘‘ ا انہوں نے انتظامیہ کی تنقید کرتے ہوئے کہا: ’’سنگرونی میں ہٹ تعمیر کرنے اور اسے مقفل کرنے سے یہ علاقہ ہر گز سیاحتی نقشے پر نہیں آئے گا، بلکہ اس کے لیے بنیادی ڈھانچہ مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔‘‘
یہ بھی پڑھیں:پلوامہ کے زڈورہ علاقے میں پانی کی قلت