بارہمولہ (جموں کشمیر) :جموں و کشمیر انتظامیہ نے جمعرات کو نیشنل کانفرنس (این سی) کو 12 مئی اتوار کو پولیس ڈسٹرکٹ سوپور میں عوامی ریلیاں برآمد کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ سوپور کا علاقہ بارہمولہ لوک سبھا سیٹ کا حصہ ہے جہاں 20 مئی کو انتخابات منعقد ہونے والے ہیں۔ قبل ازیں اس نشست پر نیشنل کانفرنس کے امیدوار اور جموں کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے پولیس حکام پر انہیں تنگ کرنے اور سوپور میں الیکشن کے پیش نظر ریلیز منعقد کرنے کی اجازت نہ دینے کا الزام عائد کیا تھا۔
حکام کی جانب سے یہ اعلان این سی کے نائب صدر عمر عبداللہ کی جانب سے الیکشن کمیشن سے ان کی انتخابی مہم کے پروگرام کو شیڈول کے مطابق اجازت دینے کے لیے متعلقہ حلقے کے حکام کو ہدایت دینے کے مطالبے کے چند گھنٹوں کے اندر سامنے آیا ہے۔ ڈسٹرکٹ الیکشن اتھارٹی نے این سی کو 12 مئی کو صبح 10 بجے سے شام 5 بجے تک سوپور کے مالماپن پورہ گاؤں میں ایک عوامی اجلاس منعقد کرنے کی اجازت دی ہے تاہم انہیں کچھ رہنما خطوط پر عمل کرنے کا پابند بنایا گیا ہے۔