پلوامہ:نیشنل کانفرنس کی جانب سے آج ٹاون ہال پانپور میں ایک پارٹی کنوینشن منعقد کیا گیا، جس میں ممبر پارلیمنٹ، پارٹی کے سینیر لیڈر، ریٹائر جسٹس حسنین مسعودی کے علاوہ پارٹی کے ضلع صدر پلوامہ غلام محی الدین میر، سابقہ ایم ایل اے محمد خلیل بند کے علاوہ دیگر پارٹی لیڈران و کارکنان کی ایک اچھی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقعے پر پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ممبر پارلیمنٹ حسنین مسعودی نے کہا کہ نیشنل کانفرنس جماعت نہیں بلکہ تحریک ہے، جس نے ہمیشہ جموں کشمیر کے لوگوں کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کیا۔ انہوں نے کہا نیشنل کانفرنس ہمیشہ سے جموں کشمیر کے لوگوں کی ترجمانی کرتی آئی ہے اور انہیں یقین ہے کہ لوگ ان کی جماعت کے کیے ہوئے کارناموں کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کے حق میں ووٹ دیں گے۔
ممبر پارلیمنٹ نے کہا کہ دفعہ 370 کو ہٹانے کے بعد ملک کے لوگوں میں بے چینی پیدا ہو گئی ہے اور جو لوگ یہ باتیں بول رہے ہیں کہ دفعہ 370 سے یہاں امن وامان پیدا ہو گیا ہے۔ وہ ملک کے لوگوں کو دھوکہ دے کر اس بات کو ڈھال بنا کر اپنے ووٹ بینک کو مضبوط کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔