اننت ناگ:ضلع اننت ناگ کے قاضی گنڈ میں ڈیموکریٹک پروگریسو آزاد پارٹی (ڈی پی اے پی ) کی جانب سے میگا روڈ شو کا اہتمام کیا گیا، جس کی قیادت ڈی پی اے پی کے چیئرمین غلام نبی آزاد نے کی۔ ان کے ہمراہ اننت ناگ پارلیمانی نشست کے امیدوار ایڈوکیٹ محمد سلیم پرے، محمد امین بٹ و دیگر کئی رہنما سمیت ورکرس کی کثیر تعداد موجود تھی۔
قاضی گنڈ کے مختلف مقامات پر لوگوں نے غلام نبی آزاد کا والہانہ استقبال کیا، جب کہ انہوں نے روڈ شو کے دوران جگہ جگہ لوگوں سے خطاب کیا۔ خطاب کے دوران آزاد نے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ایڈوکیٹ محمد سلیم پرے ایک باصلاحیت اعلی تعلیم یافتہ شخص اور قانون دان ہیں، اعلی عدالتوں میں لوگوں کو انصاف دلانے اور ان کی آواز بلند کرنے میں وہ ماہر اور ایک تجربہ کار وکیل ہیں، اسی طرح وہ پارلیمنٹ میں عوام کی بہتر نمائندگی اور وکالت کرنے کے اہل ہیں، لہذا وہ انہیں ایک بار خدمت کرنے کا موقع دیں۔
میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے آزاد نے کہا کہ وہ سچائی پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے اپنے دور اقتدار میں جو کچھ کیا ہے وہ زمینی سطح پر نمایاں ہے۔ آزاد نے کہا کہ وہ باتیں کم اور کام زیادہ کرتے ہیں، اگر ایک وعدہ کیا تو میں سو کام کرتا ہوں اور باقی سیاست دانوں کا ریکارڈ رہا ہے کہ وہ سو وعدے کرتے ہیں اور کام ایک بھی نہیں کرتے ہیں۔