گاندربل:بہار کی آمد کے ساتھ ہی جہاں وادی کشمیر کے مشہور و معروف سیاحتی مقامات پر مقامی و غیر مقامی سیاحوں کی بھیڑ لگا جاتی ہے تو وہیں زرد پھولوں سے لہلہاتے سرسوں کے کھیت کھلیان بھی سیاحوں کی دلچپسی کا مرکز بن رہے ہیں۔ کھیتوں میں کھلے سرسوں کے پھولوں کے دلکش و دلفریب نظارے سیاحوں کو گاڑیوں سے اتر کر ان کھیتوں میں تصویریں کھینچنے اور ان نظاروں میں کچھ وقت صرف کرنے پر مجبور کرتے ہیں۔ بتا دیں کہ وادی کشمیر میں اس وقت کھیتوں میں سرسوں کے پھول کھلے ہوئے ہیں۔
شہرہ آفاق سیاحتی مرکز سونہ مرگ جا رہے غیر مقامی سیاح جب گاندربل ضلع میں شاہراہ کے اطراف میں سرسوں کے لہلاتے کھتیوں کا نظارہ دیکھتے ہیں تو وہ گاڑیوں سے اتر کر ان نظاروں سے لطف اندوز ہونے اور ان لمحات کو اپنے کیمروں اور فون میں قید کیے بنا آگے نہیں بڑھتے۔ ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے سیاحون نے کہا: ’’کشمیر تو واقعی جنت ہے، یہاں کا ہر ایک نظارہ دیدہ زیب ہے، سرسوں کے لہلاتے کھیتوں کا نظارہ اور ان میں سیلفیز لینا ایک منفرد تجربہ ہے۔‘‘