سری نگر: نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے پیر کے روز کہا کہ بھارت میں مسلمان 'غیر محفوظ' محسوس کر رہے ہیں، مزید کہا کہ مرکزی حکومت ملک کی 24 کروڑ مسلم آبادی کے حقوق کو نقصان نہیں پہنچا سکتی۔ غور طلب ہے کہ ایک روز قبل سعودی عرب میں عمرہ کی ادائیگی کے بعد پارٹی کے ہیڈ کوارٹر میں میڈیا سے یہ ان کی پہلی بات چیت تھی۔
اس موقع پر انہوں نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ "اس میں کوئی شک نہیں کہ مسلمان خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں۔ میں حکومت ہند سے کہوں گا کہ وہ اسے ختم کرے۔ وہ 24 کروڑ مسلمانوں کو سمندر میں نہیں پھینک سکتے۔ مسلمان یکساں سلوک کے مستحق ہیں۔ ہندوستان کے آئین کے مطابق تمام مذاہب اور زبانیں برابر ہیں۔" جموں و کشمیر کے تین بار کے سابق وزیر اعلیٰ اور رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ تفرقہ انگیز قوتوں کو روکا جانا چاہئے اور انہیں کامیاب نہیں ہونے دینا چاہئے۔
فاروق عبداللہ نے مزید کہا کہ "میں نے اللہ سے دعا کی کہ وہ ہماری مشکلات کو دور کرے اور بھائی چارے کو برقرار رکھے۔ جو لوگ ہمارے لوگوں کو مذہب کی بنیاد پر تقسیم کرنا چاہتے ہیں ان کو ناکام بنائے۔ ہم ایسی تفرقہ انگیز قوتوں کو غالب نہیں آنے دے سکتے۔" وادی میں پہلی کشمیری پنڈت ہاؤسنگ سوسائٹی کے بارے میں پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے، این سی کے سربراہ نے کہا کہ واپسی کا فیصلہ ان کے پاس ہے۔