بارہمولہ:حکومت کی مختلف اسکیموں سے بارہمولہ کے نوجوانوں کو بھرپور فائدہ مل رہا ہے۔ ان اسکیموں میں سے ایک مشروم ڈویلپمنٹ اسکیم بھی ہے جس سے بڑی تعداد میں نوجوانوں نے روزگار حاصل کیا ہے۔ جبکہ سرحدی علاقوں میں رہائش پذیر لوگ بھی اس اسکیم کے ذریعے روزگار حاصل کر رہے ہیں۔ ان باتوں کا اظہار مشروم ڈیولپمنٹ آفیسر، بارہمولہ، دلجیت سنگھ نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ خصوصی گفتگو کے دوران کیا۔
دلجیت سنگھ نے بتایا کہ محکمہ زراعت نے ہولسٹک ایگریکلچر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت نوجوانوں کو مشروم یونٹس فراہم کیے ہیں۔ ان یونٹس کی مدد سے نوجوان نہ صرف اپنی روزی روٹی کما رہے ہیں بلکہ دوسروں کو بھی روزگار کے مواقع فراہم کر رہے ہیں۔ دلجیت سنگھ نے مزید کہا کہ ضلع بارہمولہ کے مختلف مقامات پر خواتین نے سیلف ہیلپ گروپس قائم کرکے مشروم یونٹس شروع کیے ہیں۔ ان گروپس کو حکومت کی جانب سے مالی اور تکنیکی مدد فراہم کی جاتی ہے۔