رام بن:پہاڑی ضلع رام بن کے پرنوٹ علاقے میں قریب پانچ کلومیٹر طویل رام بن - گول سڑک دھنسنے کی وجہ سے 50 سے زائد رہائشی مکانات میں دراڑیں پڑ گئی ہیں جبکہ سڑک پر بھی شگاف پڑ گیا ہے۔ عہدیداروں نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’’رام بن کے پرنوٹ علاقے میں 50 رہائشی مکانوں میں دراڑیں پڑ گئی ہیں۔ اہل خانہ کو محفوظ مقامات پر پہنچا دیا گیا ہے۔‘‘
حکام کا کہنا ہے کہ سڑک بلاک کر دی گئی ہے اور کسی بھی گاڑی کو چلنے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔ رام بن کے تحصیلدار دیپ کمار نے میڈیا کو بتایا کہ کئی خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ املاک کو پہنچنے والے نقصان کے بارے میں انہوں نے کہا کہ وہ نقصان کا تخمینہ لگا رہے ہیں۔ ادھر، ضلع کے ڈپٹی کمشنر بصیر الحق چودھری نے ایک پوسٹ میں کہا: ’’سڑک پر ٹریفک کی بحالی کا کام جاری ہے اور سڑک خراب ہونے سے بجلی کی سپلائی بھی متاثر ہوئی ہے۔‘‘ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ضروری خدمات کی دستیابی کی فوری طور پر بحال کرنے کی ہدایت دی گئی ہے جبکہ رام بن -گول مین روڑ کے درمیان پرنوٹ علاقے میں لینڈ سلائیڈنگ کے مقام پر ایمبولینس دستیاب رکھنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔