جموں:مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جمعرات کو کہا کہ جموں و کشمیر میں پہلے سفارشی پرچی کی بنیاد پر نوکریاں ملتی تھیں، لیکن اب نوکریاں میرٹ کی بنیاد پر مل رہی ہے۔ وزیر داخلہ نے یہ باتیں جمعرات کو جموں میں ورچوئل موڈ میں ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔
پروگرام کے دوران امت شاہ نے جموں میں سو ای بسوں کو ہری جھنڈی دکھائی۔ اس کے علاوہ جموں و کشمیر کمبائنڈ امتحان کے بیچ 2024 کے 209 کامیاب امیدواروں میں تقرری کے خطوط بھی تقسیم کیے گئے، ان میں جموں و کشمیر ایڈمنسٹریٹو سروس کے 96 افسران، اکاؤنٹ گزٹ سروس کے 63 افسران اور پولیس سروس کے 50 افسران شامل ہیں۔
اس موقع پر جموں کنونشن سینٹر میں ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جس میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، مرکزی وزیر مہندر ناتھ پانڈے، جموں پونچھ کے رکن پارلیمان جگل کشور شرما، راجیہ سبھا کے رکن غلام علی کھٹانہ موجود تھے۔ اس کے علاوہ دہلی سے جوائنٹ سیکریٹری بھی جموں پہنچے ہوئے تھے۔وزیر داخلہ نے ان تمام نوجوانوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا، جنہیں جموں و کشمیر کی خدمت کے لیے نوکریاں ملی ہیں۔
دفعہ 370 پر بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ اس کی وجہ سے جموں و کشمیر میں بہت سے لیڈروں نے جمہوریت کا مذاق اڑایا تھا اور وہ اپنے ہی خاندان کو جمہوریت سمجھتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ 370 کو ہٹانے کے بعد سابق ریاست میں عسکریت پسندی کے 70 فیصد واقعات رک گئے ہیں۔ عام شہریوں کی اموات میں 81 فیصد کمی آئی ہے۔ اس کے علاوہ فوجی اموات میں 48 فیصد کمی آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر میں سال 2020 میں پتھر بازی کا ایک بھی واقعہ پیش نہیں آٰیا اور منظم احتجاجوں کا سلسلہ بھی ختم ہوگیا ہے۔انہوں نے کہا: 'سال 2010 میں 112 افراد پتھر بازی کے واقعات میں مارے گئے جبکہ سال 2022 میں یہ تعداد صفر ہے'۔