اننت ناگ (جموں کشمیر) :امرناتھ یاترا 2024 کے سلسلے میں جنوبی کشمیر کے معروف سیاحتی مقام پہلگام میں پولیس کی جانب سے ماک ڈرل کا اہتمام کیا گیا۔ مال ڈرل ایس ایس پی اننت ناگ کی قیادت میں پولیس نے انجام دی جبکہ سنٹرل ریزرو پولیس (سی آر پی ایف) کے کمانڈنٹ سمیت دیگر سیکورٹی ایجنسیز کے افسران بھی موجود رہے۔
ایس ایس پی، اننت ناگ، ڈاکٹر جی وی سندیپ نے اس حوالہ سے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ ’’مال ڈرل کا مقصد ملک کے مختلف علاقوں سے وارد ہونے والے امرناتھ یاتریوں کو مکمل تحفظ فراہم کرنا اور یاترا کو پر امن اور خوش اسلوبی کے ساتھ انعقاد کرنے کو یقینی بنانا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ اس سلسلہ میں قبل از وقت ہی سکیورٹی کے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ امرناتھ یاتری سکیورٹی ایجنسیز کو اپنا بھرپور تعاون فراہم کریں گے اور پروٹوکول کی پاسداری کو بھی یقینی بنائیں گے۔