ڈاڈسرہ ترال:پولیس نے جنوبی کشمیر کے ترال علاقہ میں گزشتہ روز مسجد اور ایک زیارت گاہ کی بے حرمتی کرنے اور شیشے توڑنے میں ملوث ایک شخص کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں پولیس نے بتایا ہے کہ اونتی پورہ پولیس نے شواہد کی بنیاد پر جرم کے مرتکب منظور احمد ساکن ترال بالا کو گرفتار کر کے سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا ہے۔ تاہم پولیس کے بیان کے مطابق مذکورہ شھری ذہنی طور پر معذور ہے اور اس طرح کے واقعات پہلے بھی انجام دیتا آ رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
ڈاڈسرہ ترال میں شرپسند عناصر کی شرانگیزی، زیارت عالیہ اور مسجد کی بے حرمتی - Desecration Of Mosque In Tral
پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی افواہ پر کان نہ دھریں اور اپنے مفادات کے حصولی کے لیے ماحول کو خراب کرنے والے عناصر کی سازشوں سے ہوشیار رہیں۔ واضح رہے کہ جمعرات اور جمعہ کی رات ترال کے ڈاڈسرہ میں زیارت گاہ اور کئی مسجد کے شیشے توڑے گئے تھے اور مذہبی کتابوں کی بے حرمتی کی گئی تھی۔ جس کے بعد کل ایس ایس پی اونتی پورہ اعجاز زرگر نے از خود علاقہ کا دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ لیا اور واقعہ میں ملوث افراد کے خلاف باضابطہ ایف آئی آر درج کرنے کے احکامات صادر کیے تھے۔