سرینگر (جموں کشمیر) :میرواعظ کشمیر ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق نے شہدائے کربلا بالخصوص نواسہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم حضرت امام عالی مقام رضی اللہ عنہ کو ان کی عظیم اور تاریخی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے انہیں شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’حضرت امام عالی مقام رضی اللہ نے دین اسلام کے بنیادی عقائد، تعلیمات اور اصولوں کی حفاظت کیلئے10 محرم الحرام61ھ میں اپنے بہادر اور جانثار ساتھیوں کے ساتھ جو قربانی پیش کی وہ تا صبح قیامت پوری انسانیت کی رہنمائی کرتی رہے گی۔‘‘
میرواعظ نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ’’حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ نے ظالموں کے سامنے ہتھیار ڈالنے سے انکار کیا اور ایک ایسی مثال قائم کی جو حق و صداقت کے لئے جد و جہد کرنے والوں کے لیے قیامت تک مشعل راہ ہے۔ کیونکہ امام علی مقام حضرت حسین رضی اللہ ونہ کی کربلا کے تپتے ہوئے صحرا میں دی گئی قربانی اسلام اور انسانیت کی تاریخ کا ایک شاندار باب ہے۔‘‘