بارہمولہ (جموں کشمیر) :شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں ایک نابالغ لڑکی کو اغوا کرنے کے بعد مبینہ طور پر اسے جنسی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ پولیس نے اس ضمن میں تین افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ایک نابالغ لڑکی بدھ کے روز گھر سے پٹن ریلوے اسٹیشن کی جانب روانہ ہوئی تاہم وہ گھر واپس نہیں لوٹی جس سے اہل خانہ خوف و تشویش میں مبتلا ہوئے۔
اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ’’نابالغہ کو ہر جگہ تلاش کرنے کی کوشش کی گئی تاہم اس کا کوئی اتہ پتہ نہ چل سکا۔‘‘ اہل خانہ کی جانب سے تلاش کرنے میں ناکام ہونے کے بعد انہوں نے ایک ایف آئی آر درج کرائی جس میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’’ریلوے اسٹیشن سے نامعلوم افراد نے ان کی دختر کو اغوا کر لیا ہے۔‘‘ پولیس نے فوری طور پر دفعہ 363 (اغوا) کے تحت مقدمہ درج کیا اور تحقیقات شروع کر دی۔ نابالغہ (مغویہ) کے والد نے ایف آئی آر میں دعویٰ کیا کہ ان کی دختر کا 19 جون 2024 کو اغوا کیا گیا تھا۔