اردو

urdu

ETV Bharat / jammu-and-kashmir

کشمیر میں مسلسل بارش کے دوران بادل پھٹنے سے کمسن لڑکے کی موت - Minor boy dies in cloudburst - MINOR BOY DIES IN CLOUDBURST

جنوبی کشمیر کے کئی اضلاع میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ جہاں ایک طرف لوگوں کو گرمی سے کچھ راحت ملی ہے تو دوسری جانب یہی بارش پریشانی کا سبب بھی بنی ہے۔ کولگام ضلع میں بادل پھٹنے سے ایک نابالغ لڑکا ہلاک ہوگیا جبکہ بانڈی پورہ اور شوپیاں اضلاع میں بھی بادل پھٹنے کے واقعات ہوئے ہیں۔

بادل پھٹنے سے کمسن لڑکے کی موت
بادل پھٹنے سے کمسن لڑکے کی موت (Etv Bharat)

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Aug 15, 2024, 12:41 PM IST

سری نگر: جنوبی کشمیر کے کولگام ضلع میں بارش کا سلسلہ جاری ہے یہاں پر بادل پھٹنے کے واقعے میں ایک نابالغ لڑکا ہلاک ہوگیا جب کہ بانڈی پورہ اور شوپیاں اضلاع میں بھی بادل پھٹنے کے واقعات ہوئے ہیں مگر کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔

عہدیداروں نے بتایا کہ کولگام ضلع کے دمہال ہانجی پورہ میں آج صبح بادل پھٹنے سے ایک 14 سالہ لڑکا مختار احمد چوہان کی موت ہوگئی جب کہ دوسرا زخمی ہوگیا۔ اس کے علاوہ قدرتی آفت میں دو گائیں بھی مر گئیں ہیں۔

عہدیداروں نے بتایا کہ مقامی لوگوں کی مدد سے ضلع انتظامیہ نے دیگر افراد کو محفوظ مقامات پر پہنچادیا ہے۔

بانڈی پورہ کے درد پورہ گاؤں میں بھی بادل پھٹنے سے مکینوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔ یہاں پر بادل پھٹنے سے مقامی درد پورہ ندی میں سیلاب آگیا۔ تیسرا بادل پھٹنے کا واقعہ شوپیاں کے نوگام علاقے میں پیش آیا جس سے یہاں پر لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ تاہم ان دونوں قدرتی آفات میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

عہدیداروں نے بتایا کہ بارہمولہ شہر میں مسلسل بارش اور آندھی کی وجہ سے بہت سے درخت اکھڑ گئے جس سے بارہمولہ میں ایس ایس پی آفس کی جانب ٹریفک کی نقل و حرکت میں خلل پڑا۔ تاہم، اہلکار حرکت میں آگئے اور اکھڑے ہوئے درختوں اور شاخوں کو ہٹا کر ٹریفک کو بحال کیا۔

ماحولیاتی ماہرین نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے وادی کشمیر ان انتہائی موسمی تبدیلیوں کا مشاہدہ کر رہی ہے جن میں بادل پھٹنے، لینڈ سلائیڈنگ اور اچانک سیلاب شامل ہیں۔ گزشتہ ہفتے، بادل پھٹنے سے گاندربل ضلع کے کنگن علاقے میں ایک گاؤں متاثر ہوا جس سے کروڑوں مالیت کی املاک کو نقصان پہنچا اور مقامی باشندے بے گھر ہوگئے۔

ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ وادی میں مسلسل بارش کے باوجود دونوں اطراف سے ٹریفک رواں دواں ہے۔جموں سری نگر قومی شاہراہ اور مغل روڈ بھی ٹریفک کے لیے کھول دئے گئے ہیں۔

وادی کشمیر میں جمعرات کی صبح سے موسلادھار بارش ہو رہی ہے جس سے گرمی کے طویل دنوں سے لوگوں کو راحت ملی ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ جموں و کشمیر میں شدید اور موسلادھار بارش اگلے پانچ دنوں کے دوران سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ، مٹی کے تودے گرنے سے پریشانی کا باعث بن سکتی ہے۔ جموں اور کشمیر میں "کئی مقامات پر" ہلکی سی درمیانی بارش مسلسل ہو گی۔

یہ بھی پڑھیں:

ABOUT THE AUTHOR

...view details