سری نگر: جموں و کشمیر میں ایک بار پھر غیر کشمیری شہری پر حملہ ہوا ہے، فائرنگ سے ایک غیر مقامی مزدور زخمی ہوگیا۔ جموں و کشمیر کے علاقے ترال کے بٹ گنڈ میں ہوئی فائرنگ میں ایک شخص کے زخمی ہونے کی خبر ہے۔ اسے زخمی حالت میں علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
حکام کے مطابق پلوامہ ضلع کے ترال علاقے میں عسکریت پسندوں کے حملے میں ایک غیر مقامی مزدور زخمی ہو گیا۔ حکام نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ واقعہ ترال کے بٹ گنڈ علاقے میں پیش آیا۔ اس حملے میں مزدور کو گولی لگنے سے معمولی زخمی آئے ہیں جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ زخمی مزدور کا نام پریتم سنگھ بتایا جا رہا ہے جو اترپردیش کا رہنے والا ہے۔
بٹ گنڈ ترال میں غیر مقامی مزدور پر حملے کے بعد علاقے میں بڑے پیمانے پر سکوریٹی فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔ سکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی ہے۔ وہیں زخمی مزدور کو علاج کے لیے اسپتال میں داخل کر دیا گیا ہے۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ کشمیر میں ایک ہفتے میں یہ تیسرا حملہ ہے۔ حال ہی میں گاندربل کے گگن گیر میں سرنگ کی تعمیراتی مقام پر عسکریت پسندوں کے حملے میں ایک ڈاکٹر کے علاوہ سات مزدور ہلاک ہو گئے تھے۔ اس حملے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔ اس کے علاوہ چند دنوں قبل شوپیاں علاقے میں ایک شخص کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔