اننت ناگ (جموں کشمیر) :اننت ناگ راجوری پارلیمانی نشست کے لئے 25 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی داخل کئے جن میں سے 17 آزاد امیدوار شامل ہیں۔ اس طرح اس نشست پر مختلف سیاسی پارٹیوں کے مقابلہ میں کاغذات نامزدگی داخل کرنے والے آزاد امیدواروں کی تعداد زیادہ ہے۔ وہیں اس نشست پر محض دو خواتین نے کاغذات جمع کیے ہیں۔ اننت ناگ نشست کے لئے جن امیدواروں نے کاغذات نامزدگی داخل کئے ان کی تفصیلات اس طرح ہے:
پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی، نیشنل کانفرنس (این سی) کے میاں الطاف، جموں کشمیر اپنی پارٹی کے ظفر اقبال منہاس، جے کے این ایف کے مظفر احمد شیخ، ڈی پی اے پی کے ایڈوکیٹ محمد سلیم پرے، گلشنہ اختر(آزاد)، سجاد احمد ڈار(آزاد)، جاوید احمد ڈار(آزاد)، شیخ عمران (آزاد)، دلیپ کمار پنڈتا (آزاد)، سشیل باگرنگی ( نیشنل عوامی پارٹی)، بلدیو کمار (آزاد) علی محمد وانی (آزاد)، رویندر سنگھ (آزاد)، عبدالرؤف ملک (آزاد)، امتیاز احمد نجار (نیشنل لوک تانترک) ارشد احمد لون (پینتھرس پارٹی)، سمیر احمد پرے (آزاد)، عبدالغنی بھٹ (بھارت جوڑو پارٹی)، عبدالرؤف نائیک (آزاد) کرم جیت سنگھ (آزاد)، چودھری جاوید احمد آل انڈیا فارورڈ بلاک، علی محمد وانی (آزاد) توصیف احمد راتھر (آزاد) اور الیاس احمد کمار(آزاد امیدوار)۔
ریٹرننگ (ڈسٹرکٹ الیکشن) آفیسر اننت ناگ، سید فخرالدین حامد نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ 25 امیدواروں نے 28 نامزدگی فارم داخل کئے ہیں ان میں سے 3 امیدواروں نے دو دو مرتبہ کاغذات نامزدگی جمع کئے ہیں۔ فخرالدین حامد نے کہا کہ 20 مئی کو کاغذات کی جانچ پڑتال ہوگی اور اس کے بعد آزاد امیدواروں کو انتخابی نشان (سمبل) الاٹ کیے جائیں گے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ 7 مئی کو نکلیں اور اس جمہوری عمل میں بھرپور مظاہرہ کریں۔