سرینگر:پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی نے منگل کے روز کو جموں کشمیر میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ساتھ کسی بھی قسم کے اتحاد کو قطعی طور پر مسترد کر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اسمبلی انتخابات کے بعد حکومت سازی میں پی ڈی پی کا کردار کلیدی ہوگا، اور ان کی پارٹی ’’(پی ڈی پی) کے بغیر حکومت بنانا ممکن نہیں ہوگا۔‘‘
محبوبہ مفتی نے نیشنل کانفرنس (این سی) پر بھی کڑی تنقید کی اور الزام عائد کیا کہ ’’این سی محض حکومت سازی کی خاطر انتخابات لڑتی ہے۔‘‘ انہوں نے پارٹی ہیڈکوارٹر میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا: ’’این سی 1947 سے یہی کرتی آ رہی ہے، ان کا مقصد صرف حکومت سازی اور وزارتی عہدوں کا حصول ہے۔‘‘
پی ڈی پی صدر کا کہنا ہے کہ ان کی پارٹی ایک واضح ایجنڈے کے تحت انتخابات لڑ رہی ہے اور انہوں نے دعویٰ کیا کہ 2002 میں صرف 16 ایم ایل ایز کے ساتھ حکومت بنائی تھی اور اس بار بھی پی ڈی پی کی شمولیت کے بغیر حکومت سازی ممکن نہیں ہوگی۔ محبوبہ نے کہا: ’’ہمارا فوکس حکومت سازی سے زیادہ اپنے ایجنڈے پر ہے، اور ہم کسی بھی صورت بی جے پی کے ساتھ دوبارہ اتحاد نہیں کریں گے۔‘‘ محبوبہ مفتی نے یاد دلایا کہ’’سال 2015 میں ان کی پارٹی نے بی جے پی کے ساتھ حکومت سازی کی تھی تاکہ مسئلہ کشمیر کا حل نکالا جا سکے، لیکن آج کے حالات میں ایسا ممکن نہیں ہے کیونکہ بی جے پی نے اس سمت میں تمام کوششیں ترک کر دی ہیں۔‘‘