جموں:مرکز کے زیر انتظام یوٹی جموں و کشمیر کے جموں میں سالانہ امرناتھ یاترا میں ایک ماہ سے بھی کم وقت باقی ہے۔ یاترا کو محفوظ، پرامن اور پر اعتماد ماحول میں انجام دینے کے لیے مرکزی سیکورٹی فورسز کی 450 سے 500 اضافی کمپنیاں تعینات کی جائیں گی۔ جموں و کشمیر پولیس کے علاوہ مقدس غار اور کچھ دیگر حساس علاقوں میں فوج کو تعینات کیا جائے گا۔
مرکزی سیکورٹی فورسز میں سی آر پی ایف، بی ایس ایف، آئی ٹی بی پی شامل ہوں گے۔ ہر کمپنی میں تقریباً 125 جوان ہیں۔ 29 جون سے شروع ہونے والی یہ یاترا 19 اگست یعنی رکھشا بندھن کے دن اختتام پذیر ہوگی۔ جانکاری کے مطابق سیکورٹی فورسز کی تعیناتی 15 جون کے قریب شروع ہو جائے گی۔