سرینگر (جموں و کشمیر):مرکزی سرکار نے جموں و کشمیر میں مجموعی طور پر 635 نیم فوجی دستوں کی اضافی کمپنیز کی تعیناتی کا اعلان کیا ہے۔ یہ انکشاف 36 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام خطوں میں 3400 کمپنیز تعینات کرنے کے ایک عظیم منصوبے کے ایک حصے کے طور پر سامنے آیا ہے، جن میں سے 50 فیصد سے زائد کمپنیز مغربی بنگال، جموں و کشمیر اور چھتیس گڑھ جیسے حساس علاقوں میں تعینات کی جائیں گی۔
سرکاری ذرائع کے مطابق، سبھی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے چیف الیکٹورل افسران نے انتخابات سے متعلق معاملات کو سنبھالنے کے لیے فوری طور پر سینٹرل آرمڈ پولیس فورس (سی اے پی ایف) کی تعیناتی کی درخواست کی ہے۔ ان کمپنیز کی ذمہ داریوں میں انتخابات کے دوران علاقوں میں اعتماد سازی کے اقدامات، پولنگ کے دن کی سرگرمیاں، ای وی ایم (الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں) اور گنتی کے مراکز Counting Centresکی حفاظت شامل ہے۔
ای ٹی وی بھارت کے ذریعے حاصل کردہ تفصیلی معلومات کے مطابق آزادانہ، منصفانہ اور پر امن انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے سی اے پی ایف کی زیادہ سے زیادہ 3400 کمپنیاں مرحلہ وار طریقے پر ملک بھر میں تعینات کی جائیں گی۔ صورتحال کے جائزے کے بعد طے کیا گیا ہے کہ مغربی بنگال میں 920 کمپنیز، جموں و کشمیر میں 635، اور چھتیس گڑھ میں 360 کمپنیز کی تعیناتی کو منظوری دی گئی ہے۔ ان علاقوں میں اہلکاروں کی تعیناتی دیگر ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام خطوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہے۔