پونچھ: فوج، پولیس، سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) اور بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کے زیر انتظام حفاظتی انتظامات کو مضبوط کرتے ہوئے سیکورٹی اہلکاروں کی کئی اضافی کمپنیاں تعینات کی گئی ہیں اور پولنگ پارٹیاں جمعہ کو اپنے اپنے مراکز کے لیے روانہ ہوگئیں ہیں۔
اننت ناگ-راجوری پارلیمانی حلقہ میں 2,338 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں۔ ہر پولنگ اسٹیشن پر پریذائیڈنگ آفیسر سمیت چار الیکشن اہلکار تعینات ہوں گے۔ مجموعی طور پر 9000 سے زائد پولنگ عملہ بشمول ریزرو ڈیوٹی پر تعینات کیا جائے گا۔ راجوری اور پونچھ اضلاع میں 19 سرحدی پولنگ اسٹیشن ہیں۔
اننت ناگ-راجوری لوک سبھا سیٹ کے 18.36 لاکھ سے زیادہ ووٹر 20 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔ چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر کے مطابق یہ سیٹ کلگام، اننت ناگ، پونچھ، شوپیاں (جینان پورہ) اور راجوری کے پانچ اضلاع میں پھیلی ہوئی ہے۔ 18,36,576 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں جن میں 9,33,647 مرد اور 9,02,902 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔ اس نشست پر 27 تیسری جنس کے ووٹرز، تقریباً 17,967 معذور افراد اور 100 سال سے زائد عمر کے 540 افراد اپنا ووٹ ڈالیں گے۔