اننت ناگ (جموں کشمیر):جموں کشمیر اپنی پارٹی (اے پی) کے برائے اننت ناگ - راجوری پارلیمانی نشست کے امیدوار ظفر اقبال منہاس نے سرینگر پارلیمانی حلقے پر ووٹروں کی تعداد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا: ’’لوگوں نے بائیکاٹ کی سیاست کو مسترد کر دیا ہے، جو کہ کافی خوش آئند بات ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ بائیکاٹ نے جموں و کشمیر کے لوگوں خاص کر نوجوانوں کے بے اختیار بنانے کے سوا اور کچھ نہیں دیا۔ ظفر اقبال منہاس نے ان باتوں کا اظہار جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع میں منعقدہ ایک روڈ شو کے حاشیہ پر صحافیوں کے ساتھ گفتگو کے دوران کیا۔
منہاس نے کہا کہ ’’آج کے نوجوانوں کو جمہوریت پر یقین ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ یہاں جمہوری نظام قائم کیا جائے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ جس طرح سرینگر، پلوامہ اور شوپیاں میں لوگوں نے پارلیمانی انتخابات میں اپنے اپنے امیدواروں کے حق میں ووٹ ڈالے، اس سے یہ بات صاف ہو جاتی ہے کہ لوگ یہاں جمہوری نظام کے جلد استحکام کے خواہاں ہیں۔