جموں: جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر نے سرمائی دار الحکومت میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "عطیہ دہندگان کو اعضاء کا عطیہ زندگی بخشنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ آئیے ہم سب ان کوششوں میں شامل ہوں اور اعضاء اور بافتوں (ٹشوز) کے عطیہ کے ذریعے معاشرے میں اپنا قیمتی حصہ ڈالیں،" ۔
لیفٹیننٹ گورنر نے ایس ایس جین سبھا جموں و کشمیر اور بھارتیہ جین سنگٹھن کی طرف سے اعضاء کے عطیہ کو فروغ دینے کے لیے منعقدہ ایک پروگرام میں شرکت کے دوران خود بھی اعضا عطیہ کرنے کی خواہش ظاہر کی۔
اس موقعے پر لیفٹیننٹ گورنر نے ریاستی اعضاء اور ٹشو ٹرانسپلانٹ آرگنائزیشن سے عطیہ دہندگان کی فہرست میں ان کا نام شامل کرنے کی درخواست کی۔
"اعضاء کا عطیہ زندگی کا نصب العین ہونا چاہیے۔ یہ بے لوث عمل نہ صرف مستفیدین کی زندگیوں کو بدلتا ہے بلکہ پیوند کاری کے خواہاں افراد کے اہل خانہ اور دوستوں کی زندگیوں کو بھی متاثر کرتا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا۔
لوگوں کو اعضاء کے عطیہ کے لیے ترغیب دے کر عظیم خدمات انجام دینے کے لیے بھارتیہ جین سنگٹھن کی ستائش کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے اس نیک مقصد سے وابستہ سماجی تنظیموں اور رضاکاروں کی حمایت کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔