حیدرآباد:آج کی رات افضل ترین اور فضیلت والی رات ہے۔ یہ رات ہزار مہینوں سے بہتر ہے۔ شب قدر کے دوران انجام دی جانے والی عبادت و ریاضت میں باقی عام راتوں کے مقابلے میں کئی گناہ اجر و ثواب حاصل ہوتا ہے۔ واضح رہے کہ ہزار مہینوں میں 83 برس اور چار مہینے ہوتے ہیں، گویا کہ اس رات کی عبادت پوری زندگی کی عبادت سے زیادہ بہتر ہے۔
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ارشادات سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ رات رمضان المبارک کے آخری عشرے میں ہوتی ہے، لہٰذا اس آخری عشرے کا ایک لمحہ بھی ضائع نہ کیا جائے اور پانچوں وقت کی نماز کو جماعت کے ساتھ پڑھنے کا اہتمام کریں، نیز روزہ رکھیں، رات کا بڑا حصہ عبادت میں گزاریں تراویح اور تہجد کا اہتمام کریں اللہ تعالی کا ذکر کریں اور امت مسلمہ کے لیے دعا کریں۔
'قدر' کے معنی مرتبہ کے ہیں، چونکہ یہ رات باقی راتوں کے مقابلے میں شرف و مرتبہ کے لحاظ سے بلند ہے، اس لیے اسے ’’لیلۃ القدر‘‘ کہا جاتا ہے۔ قران کریم میں اس رات کی فضیلت کے بارے میں ایک سورت، سورۂ القدر نازل ہوئی ہے۔ قرآن کریم کی اس سورت میں بیان کی گئی پہلی فضیلت یہ ہے کہ اس رات میں قرآن نازل ہوا جو پوری انسانیت کے لیے کتاب ہدایت ہے۔