پلوامہ : جموں و کشمیر کھادی اینڈ ولیج انڈسٹریز بورڈ (جے اینڈ کے کے وی آئی بی) نے ضلع پلوامہ میں نوجوانوں اور مستفید ہونے والے افراد کو بااختیار بنانے کے مقصد سے ٹاؤن ہال پلوامہ میں ایک آگاہی پروگرام کا انعقاد کیا۔اس پروگرام میں خود انحصاری اور وزیر اعظم کے "آتم نربھر بھارت" کے وژن کے تحت کاروباریت کی اہمیت پر روشنی ڈالی گئی۔ پروگرأم میں ڈاکٹر حنا شفیع بٹ، چیئرپرسن جے اینڈ کے کے وی آئی بی، نے مہمانِ خصوصی کے طور شرکت کی۔ ان کے ہمراہ بورڈ کے سینئر افسران، ڈسٹرکٹ آفیسر پلوامہ اور بڑی تعداد میں نوجوان اور مستفید افراد بھی اس پروگرام میں فعال طور پر شریک ہوئے۔
یہ پروگرام بنیادی طور پر خواتین کے اختیار پر مرکوز تھا، خاص طور پر انہیں اقتصادی خود کفالت حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کرنے کی ترغیب دینے پر زور دیا گیا۔ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے، کے وی آئی بی کی چیئرپرسن نے خواتین کو خدا کی تخلیق کردہ سب سے طاقتور، منظم اور بے غرض ہستیاں قرار دیا۔ انہوں نے خواتین پر زور دیا کہ وہ آگے بڑھیں اور ایک خود انحصار بھارت کی تعمیر میں اپنا حصہ ڈالیں۔