گلمرگ (جموں و کشمیر):’’کھیلو انڈیا ونٹر گیمز‘‘ کے چوتھے شمارے کا آغاز آج کشمیر کے معروف سیاحتی مقام اور اسکینگ ریزارڈ گلمرگ میں ’’نورڈک اسکینگ‘‘ سے ہوا۔ اس کھیل میں ملک بھر سے آئے کھلاڑیوں نے شرکت کی، جہاں خواتین نے ڈیڑھ کلومیٹر ریس میں حصہ لیا وہیں مردوں نے 10 کلومیٹر لمبی ریس میں طبی آزمائی کی۔
زنانہ نورڈک اسکینگ میں اس مرتبہ پھر ریاست کرناٹک سے تعلق رکھنے والی بھوانی نامی کھلاڑی نے بازی ماری۔ وہیں ریاست اتراکھنڈ کی رہنے والے سیما سورانگ اور سپنا نے بالترتیب دوسرا اور تیسرا مقام حاصل کیا۔ بھوانی نے ریس 5.23 منٹس میں پوری کی وہیں سیما نے 5.35 اور سپنا نے 5.48 منٹ میں ریس مکمل کی۔
اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بھوانی نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ ’’پچھلے سال کے مقابلے رواں سال (گلمرگ میں) انتظامات کافی بہتر ہیں۔ سہولیات بھی کافی بہتر ہیں اور اس بار ٹیکنالوجی کا بھی بھرپور استعمال کیا جا رہا ہے۔ میں تمام انتظامات سے مطمئن ہوں۔‘‘ جنوری میں برفباری نہ ہونے اور گیمز موخر کیے جانے پر بھوانی نے کہا: ’’میں ایک سرمائی ایتھلیٹ ہوں اور جب یہ سنا کہ موسم کی خرابی کی وجہ سے شاید اس بار کھیلو انڈیا کے تحت گلمرگ میں ٹورنامنٹ منعقد نہیں ہوگا، تو میں کافی مایوس ہو گئی تھی، تاہم برفباری کی خبر سے میری طرح دیگر کھلاڑی بھی خوشی سے پھولے نہیں سمائے۔‘‘