پلوامہ (جموں کشمیر) :کانگریس کے سینئر لیڈر اور حلقہ انتخاب ترال کے لیے این سی - کانگریس کے الائنس امیدوار سریندر سنگھ چنئ کا دعویٰ ہے کہ ’’الاینس اب کی بار جموں وکشمیر میں حکومت بنائے گا۔‘‘ چنی نے سابق مخلوط حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا: ’’جموں کشمیر کی موجودہ صورتحال کے لیے بی جے پی اور پی ڈی پی برابر کی ذمہ دار ہیں۔‘‘ انہوں نے ان باتوں کا اظہار جنوبی کشمیر کے ترال علاقے میں ای ٹی وی بھارت کے ساتھ خصوصی بات چیت کے دوران کیا۔
سریندر سنگھ چنی نے بتایا کہ جموں وکشمیر کو فی الوقت جن سنگین حالات کا سامنا ہے ان کے لیے پی ڈی پی ذمہ دار ہے کیونکہ ’’پی ڈی پی نے بھارتیہ جنتا پارٹی کو سپورٹ کیا، جس کا خمیازہ اب کشمیری عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید بتایا کہ ’’کشمیر کے لوگ محبوبہ مفتی کے دودھ اور ٹافی والے ریمارکس کو کبھی بھول نہیں پائیں گے اور نہ ہی اس کو کبھی معاف کریں گے۔‘‘