سرینگر (جموں کشمیر) :وادی کشمیر میں منگل کو بھی میدانی علاقوں سمیت بالائی علاقوں میں بھی بارشوں اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ اتوار اور پیر کی درمیانی شب سے کشمیر کے طول و ارض میں وقفہ وقفہ سے برفباری جاری ہے۔ جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع کے بالائی علاقوں میں جہاں گزشتہ روز چار سے پانچ انچ برف ریکارڈ کی گئی وہیں سیاحتی مقامات سونہ مرگ اور گلمرگ میں ایک فٹ سے بھی زیادہ برفباری ہوئی ہے، تاہم کشمیر کے میدانی علاقوں میں ہلکی برفباری ہوئی۔
برفباری سے جہاں موسم میں تبدیلی واقع ہوئی ہے وہیں اس سے کسانوں خاص کر سیاحت سے جڑے افراد کے چہرے کھل اٹھے ہیں۔ سردیوں کے شہنشاہ ’چلہ کلاں‘ کے چالیس روز تقریباً خشک ہی رہے جس سے سیاحت سے جڑے افراد کو کافی نقصان ہوا تھا۔ جبکہ معروف اسکی ریزارڈ گلمرگ میں درجنوں سیاحوں نے پیشگی بکنگ کو بھی منسوخ کر دیا تھا۔ برفباری نہ ہونے کے سبب گلمرگ میں طے شدہ ونٹر گیمز کو بھی معطل کیا گیا۔ ونٹر گیمز فروری کے پہلے ماہ میں طے تھے تاہم اب بدھ یعنی 21فروری سے شروع ہو رہے ہیں۔