سرینگر (جموں کشمیر) :پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) نے جموں کشمیر انتظامیہ پر الزام عائد کیا کہ ان کے لیڈران کو پارلیمانی انتخابات کے لئے مہم چلانے پر بندشیں عائد کی جا رہی ہیں۔ پی ڈی پی ترجمان اقبال ترمبو نے سرینگر میں پارٹی دفتر پر پریس کانفرنس کے دوران یہ الزام عائد کیا کہ ’’جموں کشمیر پولیس نے گزشتہ دنوں سے پارٹی کے سٹیٹ سیکریٹری محی الدین وچی کو دو مرتبہ حراست میں رکھا اور ان کو الیکشن کی مہم منعقد کرنے کی اجازت نہیں دی۔‘‘
ترمبو نے کہا کہ ڈی ڈی سی ممبر پلوامہ عبدالقوم میر کو بھی انتظامیہ الیکشن مہم سے روک رہی ہے اور گزشتہ دو ہفتوں سے انکو گھر سے باہر جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کے علاوہ پارٹی کے دیگر لیڈران نے ایسی ہی شکایات کی ہیں کہ ان کی الیکشن مہم پر بندشیں عائد کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا ’’جب الیکشن کمیشن نے انتخابات سے قبل سرینگر میں سیاسی جماعتوں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا تو اس دوران انہوں نے یقین دہانی کرائی تھی کہ الیکشن کے دوران تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں مہم چلانے کا موقع یعنی لیول پلیئنگ فلیڈ دیا جائے گا۔‘‘