سری نگر: وادی کشمیر میں درجہ حرارت صفر سے نیچے ہے۔ خشک موسم کے باعث سردی بڑھ گئی ہے۔ وادی کے تمام 10 اضلاع میں درجہ حرارت صفر سے نیچے ریکارڈ کیا گیا۔ گلمرگ، سونمرگ اور پہلگام جیسے سیاحتی مقامات پر سردی مزید سخت ہے۔ سری نگر، بارہمولہ، شوپیاں، پلوامہ، اننت ناگ، بڈگام، گاندربل، کولگام، بانڈی پورہ میں درجہ حرارت منفی پانچ سے تین ڈگری سیلسیس کے درمیان ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے 17 دسمبر تک موسم خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔ سرد لہر کے رواں ہفتے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ آئی ایم ڈی نے پیش گوئی کی ہے کہ مغربی ڈسٹربنس کی وجہ سے 16 اور 17 دسمبر کو جموں و کشمیر، لداخ اور آس پاس کے علاقوں میں ہلکی بارش اور برف باری کا امکان ہے۔
تین دن پہلے سرد اور خشک موسم سے اس وقت کچھ راحت ملی جب پہلگام، گلمرگ، سونمرگ، شوپیاں اور دیگر پہاڑی مقامات پر ہلکی سے درمیانی برف باری ہوئی۔ اس کی وجہ سے 120 دن کی خشک سالی ٹوٹ گئی، کیونکہ کشمیر میں اس سے پہلے تین ماہ قبل بارش ہوئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں:پلوامہ میں موسم کی پہلی برفباری، لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ