بانڈی پورہ:مرکز کے زیر انتظام علاقہ جموں و کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں شیر کشمیر یونیورسٹی آف ایگریکلچرل سائنس کے وائس چانسلر نے کہا کہ حکومت وادی کشمیر کے سرحدی علاقوں میں مقامی طور پر نئی فصلوں کی کاشت پر زور دے رہی ہے۔
بانڈی پورہ میں اٹھارہویں کرشی سائنسی مشاورتی کمیٹی (ایس اے سی) کی میٹنگ کے موقع پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے وائس چانسلر اسکاسٹ کشمیر پروفیسر نزیر احمد گنائی نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی حکومت کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے۔ وہ بڑھتے ہوئے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال کریں گے۔ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے کاشتکاری پر منفی اثر ضرور پڑا ہے۔
اس اجلاس کی صدارت کشمیرپروفیسر نزیر احمد نے کی۔ ان کے علاوہ ڈائریکٹر ایکسٹینشن اسکواسٹ پروفیسر دل محمد مخدومی، کے وی کے بانڈی پورہ کے انچارج طارق سلطان، کے وی کے کے گریز انچارج ڈاکٹر بلال، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ عمر شفیع پنڈت اور دیگر محکموں کے ضلع افسران نے پروگرام میں شرکت کی۔