بڈگام (جموں کشمیر) :وادی کشمیر کے قدیم ورثے میں وازوان سرفہرست ہے۔ شادی بیاہ یا کوئی اور تقریب روایتی وازوان کے بغیر تقریباً ادھوری سمجھی جاتی ہے۔ وازوان تیار کرنے والے خصوصی باورچی، جنہیں کشمیری زبان میں ’وازا‘ کہتے ہیں، صدیوں سے اس فن کے ساتھ وابستہ ہیں۔ وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع کے کانگری پورہ گاؤں کی بیشتر آبادی وازوان کے ساتھ ہی منسلک ہے۔
بڈگام کے کانگڑی پورہ کی بیشتری آبادی وازوان کے ساتھ منسلک ہے، جہاں تقریباً ہر ایک کنبے کا کم از کم ایک فرد وازوان کے ساتھ وابستہ ہے۔ یہاں کے باشندوں کا کہنا ہے کہ ’’وادی کشمیر میں جب سے وازوان متعارف ہوا ہے تب سے ہی کانگری پورہ کے لوگ نہ صرف وازوان کے ذریعے اپنا روزگار کما رہے ہیں لبکہ اس روایت کو کو آگے بڑھا رہے ہیں۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے غلام محمد ڈار نامی ایک مقامی باشندے نے بتایا کہ ان کے آباء و اجداد صدیوں سے وازوان کے ساتھ منسلک ہیں اور انہوں نے یہ ہنر اپنے گھر میں ہی سیکھا اور وہ اس ہنر کو اگلی نسل تک پہنچانے کے خواہش مند ہیں تاکہ یہ روایت اور تاریخ برقرار رہ سکے۔ انہوں نے کہا: ’’کانگری پورہ، بڈگام ضلع کا واحد ایسا گاؤں ہے جہاں تقریباً ہر گھر سے ایک یا اس سے زیادہ لوگ وازوان کے ساتھ وابستہ ہیں جس سے یہاں کے لوگ اپنی روزی روٹی کما رہے ہیں اور روایت کو زندہ رکھے ہوئے ہیں۔‘‘