سری نگر:بورڈ کے امتحانات سے قبل، جموں و کشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن (جے کے بی او ایس ای) نے مبینہ طور پر سری نگر کے ایک پرائیویٹ اسکول کے 10ویں جماعت کے 22 طلباء کے فارم مسترد کر دیے ہیں۔ جس کی وجہ سے ان طلباء کا مستقبل خطرے میں پڑ گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق بورڈ نے اسلامک گلوبل اسکول پادشاہی باغ سری نگر میں زیر تعلیم 10ویں جماعت کے 22 طلبہ کے امتحانی فارم مسترد کردیئے اور امتحان میں شرکت کے لیے رول نمبر سلپس جاری کرنے سے انکار کردیا۔ بورڈ کا کہنا ہے کہ یہ اسکول جموں و کشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن کے ساتھ رجسٹرڈ نہیں ہے۔
ساتھ ہی، اسکول کا کہنا ہے کہ ان کے پاس سرکاری رجسٹریشن ہے اور اسکول کو ڈائریکٹر آف اسکول ایجوکیشن کشمیر سے ٹیگنگ آرڈر بھی موصول ہوا ہے۔ تاہم جموں و کشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن نے اب تک طلباء کو امتحان میں شرکت کی اجازت دینے سے انکار کیا ہے۔ بورڈ کے امتحانات پیر سے شروع ہونے جا رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی، مجکورہ اسکول انتظامیہ نے کہا کہ یہ رویہ اب ادارے کو قانونی کارروائی پر غور کرنے پر مجبور کر رہا ہے۔