شوپیاں:جنوبی کشمیر کے شوپیاں ضلع میں وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ میں یومیہ اجرت پر کام کر رہے عارضی ملازمین نے محکمہ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے منیمم ویجز ایکٹ لاگو کیے جانے کا مطالبہ کیا۔ جموں کشمیر ایمپلائیز جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے صدر بابو حسین ملک نے بھی وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ کے عارضی ملازمین کے ساتھ منی سیکریٹریٹ شوپیاں میں منعقد کیے گئے احتجاج میں شمولیت اختیار کی۔
احتجاج میں شامل بیشتر عارضی ملازمین گزشتہ 20 سال سے محکمہ میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ طویل عرصے سے زیر التوا تنخواہوں کی ادائیگی کا مطالبہ کر رہے ان عارضی ملازمین نے کہا کہ انہیں اجرت نہ دیے جانے کے باعث سخت مالی مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ انکی اجرت طویل عرصہ سے ادا نہیں کی جا رہی ہے۔ بابو حسین ملک نے بھی احتجاجی مظاہرین کے ساتھ اپنی آواز بلند کی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ان عارضی ملازمین کے مطالبات کو فوری طور پر حل کرے۔