پلوامہ (جموں کشمیر) :لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، (IUST) اونتی پورہ میں فاؤنڈیشن ویک کی اختتامی تقریب پر مہمان خصوصی کے طوپر شرکت کی۔ ایل جی سنہا نے ٹیک ایکسپو کا افتتاح کیا اور اس موقع پر منعقدہ تقریب کے دوران اپنے خطاب میں ایل جی منوج سنہا نے کہا کہ ’’اسلامک یونیورسٹی نے قلیل مدت میں اپنی الگ پہچان بنائی ہے اور اس یونیورسٹی نے تحقیق، علم و ادب اور سکل ڈیولپمنٹ میں گراں قدر خدمات انجام دی ہیں۔‘‘
ایل جی نے مزید کہا کہ ’’ہمارے ملک کو سونے کی چڑیا اسی لیے کہا جاتا ہے کیونکہ ہمارا ملک ماضی سے ہی علم و ادب کا مرکز رہا ہے۔‘‘ اسلامک یونیورسٹی کی ترجیحات کو سراہتے ہوئے ایل جی نے کہا کہ اس قسم کی یونیورسٹی سے اکیڈمیا اور انڈسٹری کے درمیان رابطہ مزید استوار ہوتا ہے۔ منوج کے مطابق ’’ہمارا ملک وزیر اعظم نریندر مودی کی زیر قیادت تعلیمی اور ترقی کے میدان میں آگے بڑھ رہا ہے اور اس حوالے سے ملک کے تعلیمی اداروں میں بہتری لاکر ہی ہم ملک کی کلہم ترقی میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔‘‘