سرینگر (جموں کشمیر) :صحت اور تعلیم کی وزیر سکینہ ایتو نے دعویٰ کیا کہ ’’حکومت جلد ہی بھرتی پالیسی پر کام کرے گی اور جموں کشمیر میں لیکچررز، پروفیسرز اور دیگر اساتذہ کی خالی اسامیوں کو جلد پُر کیا جا رہا ہے۔‘‘ وزیر نے ان باتوں کا اظہار سرینگر میں ایک تقریب کے حاشئے پر میڈیا نمائندوں کے ساتھ ایک بات چیت کے دوران کیا۔
ایتو نے کہا کہ ’’بھرتی پالیسی زیر غور ہے۔ ایسے میں بھرتی عمل میں سرعت لائی جا رہی ہے اور مختلف محکموں خاص کر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں خالی اسامیوں کو جلد ہی پُر کیا جائےگا۔ لیکچرز اور پروفیسر کے علاوہ اساتذہ کی خالی اسامیوں کی فہرست کو بھرتی ایجنسیوں کو منتقل کیا جا رہا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’یہ سچ ہے کہ گزشتہ برسوں کے دوران بھرتی عمل متاثر رہی لیکن اب مختلف اسامیوں کو شفاف طریقے سے پُر کیا جائے گا۔‘‘