بارہمولہ (جموں کشمیر):جنوبی کشمیر کے بارہمولہ ضلع میں جموں کشمیر پولیس نے 12 گھنٹوں میں نقب زنی کا ایک معاملہ حل کرتے ہوئے تین نقب زنوں کو حراست میں لینے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق بارہمولہ ضلع کے شیری علاقے میں بٹ ٹریڈرز نام کی ایک دکان کے مالک نے پولیس اسٹیشن شیری میں اپنی دکان میں چوری سے متعلق تحریری شکایت درج کی۔
تحریری شکایت موصول ہونے کے بعد بارہمولہ پولیس نے تفتیش شروع کی اور ثبوت و شواہد جمع کرنے شروع کیے۔ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے دکان میں کام کر رہے ایک سیلزمین سمیت دو دیگر افراد کو حراست میں لے لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے بعد انہوں نے اقبال جرم کیا اور ان کی نشاندہی پر مال مسروقہ بھی برآمد کیا گیا۔