اننت ناگ (جموں کشمیر):جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں آج کانگریس کی جانب سے ایک بڑے عوامی جلسے کا انعقاد عمل میں لایا جا رہا ہے، جس میں کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے، اے آئی سی سی جموں کشمیر انچارج بھارت سن سولنکی، جموں کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر طارق حمید قرہ، آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے جنرل سیکریٹری غلام احمد میر، نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ سمیت دیگر کئی سینئر رہنما شرکت کریں گے۔
اس جلسے میں ضلع اننت ناگ کے مختلف علاقوں سے وابستہ نیشنل کانفرنس اور کانگریس کے ورکروں کی ایک بڑی تعداد کی موجودگی متوقع ہے، اس سلسلہ میں اننت ناگ میں سکیورٹی کے زبردست انتظامات کئے گئے ہیں۔ این سی اور کانگریس کی جانب سے مشترکہ طور منعقد ہونے والا یہ پہلا جلسہ ہوگا۔ اس سے چند روز قبل ڈورو میں راہل گاندھی کی قیادت میں ایک بڑا عوامی اجتماع منعقد کیا گیا تھا۔
اس جلسہ میں کانگریس اور این سی کے سرکردہ رہنما عوامی اجتماع سے خطاب کریں گے اور جموں کشمیر کے تئیں انڈیا الائنس کی حکمت عملی اور منشور کے بارے میں لوگوں کو آگاہ کریں گے۔ کانگریس عام طور پر جموں کشمیر کو ریاست کا درجہ دینے اور بے روزگاری کے خاتمے پر زور دے رہی ہے۔