جموں کشمیر:حد بندی کمیشن کی سفارشات پارلیمنٹ میں منظور ہونے کے بعد جموں ریاستی لوک سبھا حلقہ، جسے دو سال قبل حد بندی کمیشن کی سفارشات پر از سر نو تشکیل دیا گیا تھا، اس سے بی جے پی کے موجودہ ممبر آف پارلیمنٹ جگل کشور شرما آئندہ لوک سبھا انتخابات میں مسلسل تیسری بار اپنی قسمت آزمائیں گے۔
61 سالہ بی جے پی لیڈر جگل کشور شرما، جن کا اعلان بی جے پی نے پارٹی کی 195 امیدواروں کی پہلی فہرست میں کیا گیا تھا، نے 2014 اور 2019 کے عام انتخابات میں جموں لوک سبھا سیٹ پر کامیابی حاصل کی تھی۔
تاہم جموں کشمیر میں پارلیمنٹ انتخابات دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد منعقد کیے جارہے ہیں۔ جموں کشمیر اور لداخ کو پانچ اگست 2019 کو دو مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں تقسیم کیا گیا تھا اور آرٹیکل 370 کے تحت اس کی خصوصی حیثیت اگست 2019 میں منسوخ کردی گئی تھی۔
سال 2019 میں، شرما نے اس نست سے 8،58،066 ووٹ حاصل کرنے کے بعد انڈین نیشنل کانگریس کے امیدوار رمن بھلا کو 3,02,875 ووٹوں کے فرق سے شکست دی تھی۔ جبکہ جگل کشور شرما نے 2014 میں بی جے پی کی ٹکٹ پر اس انتخابی نشست پر جیت حاصل کی تھی۔ جہاں انہوں نے 6.19 لاکھ سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے کے بعد کانگریس امیدوار مدن لال شرما کو 2.57 لاکھ سے زیادہ ووٹوں سے شکست دی تھی۔
دوسری جانب اگرچہ کانگریس کی زیرقیادت انڈیا الائنس جس میں جموں کشمیر کی دو بڑی سیاسی جماعتیں نیشنل کانفرنس اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی بھی ہیں، نے ابھی تک امیدوار کا اعلان نہیں کیا ہے۔ لیکن امکان ہے کہ کانگریس اپنا امیدوار کھڑا کرے، جس کی حمایت کا اعلان اتحادی سیاسی جماعتیں کرسکتی ہیں۔
تاہم نیشنل کانفرنس کے کشمیر سے تینوں سیٹوں پر الیکشن لڑنے کے اعلان نے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کو ناراض کر دیا ہے۔ جو انڈیا الائنس شراکت داروں کے درمیان سیٹ شیئرنگ معاہدے میں کم از کم ایک سیٹ پر نظریں جمائے ہوئے تھی۔ اب سب کی نظریں پی ڈی پی پر ہیں کہ وہ انڈیا بلاک کا حصہ بنے رہیں گے یا جموں و کشمیر کے پانچ حلقوں سے اپنے امیدوار کھڑے کریں گے۔