جموں:جموں کشمیر کی سرمائی دارالحکومت جموں میں پولیس نے جعلی بندوق لائسنس کے ریکیٹ کا پردہ فاش کرتے ہوئے گڈی گڑھ، ستواری کے رہنے والے گن ہاؤس آپریٹر کے زیر تعمیر مکان سے بندوق کے فرضی 435 لائسنس برآمد کیے ہیں۔ کیس کی تحقیقات کے لیے پولیس نے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔ جموں پولیس کے مطابق یہ جعلی لائسنس ملک کی مختلف ریاستوں میں رہنے والے لوگوں کے نام پر بنائے گئے ہیں اور معاملے کی مکمل تحقیقات کے لیے تشکیل دی گئی کچھ ٹیمیں ریاست سے باہر بھی بھیجنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔
ایس ایس پی جموں ونود کمار نے کہا جموں پولیس جعلی لائسنس بنانے کے مقصد کی بھی تحقیقات کر رہی ہے۔ پولیس کے مطابق ٹھوس اطلاع موصول ہونے کے بعد گڈی گڑھ علاقے میں گن ہاؤس آپریٹر تیرتھ سنگھ کے زیر تعمیر مکان پر چھاپہ مارا گیا۔ اس دوران ایک بیگ سے 435 جعلی لائسنس برآمد ہوئے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق تیرتھ سنگھ کا کرن نگر، گڈی گڑھ اور کنجوانی میں گن ہاؤس ہے۔